قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کل سےکراچی میں شروع ہوگا
فرسٹ کلاس مقابلوں میں پاکستان کے ٹاپ اسٹار ایکشن میں نظرآئیں گے
نیشنل اسٹیڈیم، این بی پی اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس اوراسٹیٹ بینک گراونڈ پرمقابلے ہوں گے
فاتح ٹیم 1 کروڑ اور رنر اپ 50 لاکھ روپے کی حقدار ہوگی
دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم اپنے سفرکا آغازسندھ کیخلاف میچ سے کریگی
میچزپی ٹی وی پربراہ راست نشرہوں گے، پی سی بی نے انتظامات مکمل کرلیے
سرفرازاحمد سندھ اوراظہرعلی سینٹرل پنجاب کےکپتان ہونگے
کراچی ( رپورٹ - جاوید اقبال)۔
ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب نظریں کراچی کے ان چار میدانوں پرکرا جمی ہوئی ہیں جہاں 25 اکتوبر سےقومی کرکٹ کے ماتھے کا جھومر، قائداعظم ٹرافی،کا آغاز ہورہا ہے۔
ایونٹ کے ابتدائی تین راؤنڈز تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے، جن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی، این بی پی اسٹیڈیم اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ 11 روزہ بریک کے بعد ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ سے اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی بھی وینیوز کی اس فہرست میں شامل ہوجائے گا۔
قائداعظم ٹرافی 21-2020 میں کُل ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ اس میں سے ایک کروڑ روپے ٹورنامنٹ کی فاتح اور پچاس لاکھ روپے رنرزاپ ٹیم کو ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین باؤلر اور بہترین وکٹ کیپر کو5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
ایونٹ کی دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم اتوار سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز سندھ کے خلاف کرے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والا یہ میچ پی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
سنٹرل پنجاب بمقابلہ سندھ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی:
بابراعظم کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل زمبابوے کے خلاف میچوں میں مصروفیت کے باعث سنٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کے سپرد کی گئی ہے۔ اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل بھی شامل ہیں، انہوں نے گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں 906 رنز بنائے تھے۔
گزشتہ ایڈیشن میں 43 وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف بھی سنٹرل پنجاب کے اسکواڈ کا حصہ ہیں، دونوں کھلاڑی گزشتہ سال بالترتیب بہترین بیٹسمین اور بہترین باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے تھے.
اظہر علی:
اظہر علی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے وہ ایونٹ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم گزشتہ سال کی طرح جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
انہیں امید ہے کہ ایونٹ میں معیاری کرکٹ اور شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سندھ کی ٹیم گزشتہ سال کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ سندھ کی بیٹنگ لائن اپ کا دارومدار فواد عالم اور اسد شفیق پر ہوگا۔
فاسٹ باؤلر تابش خان اور اسپنر محمد اصغر باؤلنگ کے شعبے میں سندھ کی نمائندگی کریں گے۔
سرفراز احمد:
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم گزشتہ سال کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی تاہم موجودہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بھرپور محنت کررہا ہے اورخواہش ہے کہ رواں سال ہم زیادہ سے زیادہ میچز جیت سکیں۔
ناردرن بمقابلہ سدرن پنجاب، این بی پی اسٹیڈیم کراچی:
گزشتہ سال کی رنرزاپ ٹیم ناردرن کی قیادت نعمان علی کررہے ہیں۔ ناردرن نے گزشتہ سال ٹورنامنٹ میں 3 میچز جیتے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
باؤلنگ کے شعبے میں کپتان نعمان علی خود جبکہ بیٹنگ میں ذیشان ملک اور نوید ملک نادرن کی امیدوں کا محور ہوں گے۔
نعمان علی:
ناردرن کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ سال ایک سلو آغاز کے باوجود ہم نے جارحانہ کرکٹ کھیل کر نہ صرف ایونٹ میں واپسی کی بلکہ فائنل میں بھی جگہ بنائی۔
انہوں نے کہا کہ ناردرن کی ٹیم نئے ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب سدرن پنجاب کی ٹیم کو اس مرتبہ اسپنرز زاہد محمود اور محمد عرفان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔
شان مسعود:
شان مسعود کا کہنا ہے کہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں ہر ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کا مناسب موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال مقابلوں کا معیار اعلیٰ رہا تھا۔
بلوچستان بمقابلہ خیبرپختونخوا، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی:
بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل آئیں گی۔ اس میچ میں بلوچستان کی قیادت یاسر شاہ کریں گے۔ انہیں بیٹنگ میں عمران بٹ، سمیع اسلم اور عبدالواحد بنگلزئی کا ساتھ میسر ہوگا جبکہ باؤلنگ کی صف میں سب سے آگے وہ خود ہوں گے۔
یاسر شاہ:
یاسرشاہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
یاسر شاہ نے کہا کہ سترہ سالہ نوجوان عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنائی، امید ہے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے ڈیبیو سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
دوسری جانب محمد رضوان کی نیشنل ڈیوٹی پر مصروفیت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی قیادت اشفاق احمد کررہے ہیں۔ جنید خان، عمران خان، عثمان شنواری اور ثمین گل پر مشتمل کے پی کا باؤلنگ اٹیک تجربہ کار پے۔
اشفاق احمد:
اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں خیبرپختونخوا کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ہمارے اسکواڈ میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین امتزاج موجود ہے، کوشش کروں گا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اپنی بہترین انفرادی کارکردگی سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرسکوں۔

اسکواڈز:
بلوچستان:
یاسر شاہ (کپتان)، بسم اللہ خان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبدالرحمٰن مزمل، عبدالواحد بنگلزئی، عدنان اکمل(عدنان اکمل)، اختر شاہ، عماد بٹ، ایاز تصور، عمران بٹ، عمران فرحت، کاشف بھٹی، خرم شہزاد، نجیب اللہ اچکزئی، سمیع اسلم، تیمور علی اور تاج ولی
سنٹرل پنجاب:
اظہر علی (کپتان)، سعد نسیم (نائب کپتان)، احمد بشیر، احمد صفی عبداللہ، احمد شہزاد، علی شان، بلال آصف، احسان عادل، حسن علی، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، محمد سعد، قاسم اکرم، رضوان حسین، سلمان بٹ، عثمان صلاح الدین اور وقاص مقصود۔
خیبرپختونخوا:
اشفاق احمد(کپتان)، عادل امین (نائب کپتان)، احمد جمال، عمران خان سینئر، اسرار اللہ، جنید خان، کامران غلام، خالد عثمان، محمد محسن، نبی گل، ریحان آفریدی (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، ساجد خان، ثمین گل، سمیع اللہ جونیئر اور عثمان خان شنواری۔
ناردرن:
نعمان علی (کپتان)، ذیشان ملک (نائب کپتان)، علی سرفراز، آصف علی، فیضان ریاض، فرحان شفیق، حماد اعظم، جمال انور (وکٹ کیپر)، ناصر نواز، نوید ملک، صدف حسین، سلمان ارشاد، سرمد بھٹی، توثیق شاہ، عمر امین اور وقاص احمد۔
سندھ:
سرفراز احمد (کپتان، وکٹ کیپر)، اسد شفیق (نائب کپتان)، عاشق علی، عزیز اللہ، فواد عالم، غلام مدثر، خرم منظور، میر حمزہ، محمد اصغر، محمد حسن، سعد علی، سعود شکیل، شرجیل خان، سہیل خان، تابش خان او رعمیر بن یوسف۔
سدرن پنجاب:
شان مسعود (کپتان)، حسین طلعت(نائب کپتان)، ذیشان اشرف (وکٹ کیپر)، محمد عباس، محمد عرفان (اسپنر)، عامر یامین، بلاول بھٹی، دلبر حسین، عمران رفیق، مقبول احمد (وکٹ کیپر)، محمد الیاس، سیف بدر، سلمان علی آغا، عمر صدیق، عمر خا ن اور زاہد محمود۔


Comments
Post a Comment