پاکستان کی ٹک ٹاک چیمپیئن ، جنت مرزا
مختصر عرصے میں 1 کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی خاتون
جنت مرزا ان دنوں جاپان میں ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہیں

جنت مرزا ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار بن گئیں۔ پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کا نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

جنت مرزا نے یہ سنگ میل عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یقین نہیں ہورہا کہ واقعی ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔‘

ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں شوق شوق میں یہاں پہنچ جاؤں گی، جب آپ کسی سے حسد نہیں کرتے تو صلہ مل ہی جاتا ہے۔‘

جنت کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک ان کا شوق ہے اور یہ ایک اچھی مصروفیت بھی ہے۔ تین سالوں میں ایک کروڑ فالوورز ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس وقت وہ پاکستان میں فالوورز کے حوالے سے ٹک ٹاک میں پہلے نمبر پر ہیں

جنت مرزا نے بلال سعید کے گانے ’شاعر‘ کی ویڈیو میں محمد علی جوش کے ساتھ میوزک ویڈیو میں ڈیبیو کیا تھا۔ معروف پاکستانی فلم ساز سید نور ملک میں پنجابی فلم سنیما کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے جلد ایک نئی فلم شائقین کے لیے پیش کریں گے جس کی ہیروئن کا کردار ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ادا کریں گی

جنت مرزا آج کل جاپان کے دورے پر ہیں اور یہاں سے بنائی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعےوہ دنیا بھر میں موج اپنے مداحوں کو جاپان کی معلوماتی اور دلچسپ ٹک ٹاک ویڈیوز کےذریعے محظوظ کررہی ہیں۔

گزشتہ روز جنت مرزا کے ایک کروڑ فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنت مرزا اور اُن کی فیملی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں جاپان کی اہم سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

جنت مرزا نے بتایا کہ اُن کی چھوٹی بہن الشبہ مرزا بھی ایک معروف ٹک ٹاک اسٹار ہیں اور پاکستان میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کے 7 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں جبکہ اُمید ہے جلد وہ بھی دس ملین فالوورز حاصل کرلیں گی، جبکہ اُن کی بڑی بہن سحر مرزا یوٹیو ب کی معروف بلاگر ہیں جنہوں نے صرف چند ہفتوں میں یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ کے قریب فالوورز حاصل کرلیے ہیں۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنت مرزا کو دس ملین فالوورز مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں خوشی ہے کہ جنت مرزا نے اپنی محنت سے پاکستان میں سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاک ماڈل کا اعزاز حاصل کیا ہے۔





Comments
Post a Comment