ترقی فاؤنڈیشن کی بلوچستان میں شجر کاری مہم شروع
کوئٹہ پشین اور نوشکی سمیت مختلف اضلاع میں ہزاروں پودے لگائے گئے
صدر حمیرا موٹالا کی سربراہی میں پاکستان کونسل آف میڈیا وومین کے 14 رکنی کی بھی شرکت

رپورٹ- جاوید اقبال
کوئٹہ، بلوچستان
۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں "چاند میری زمیں، پھول میرا وطن" کے موضوع کے تحت ہزاروں پودے لگانے کی شجرکاری مہم شروع کردی گئی ہے۔ ترقی فاؤنڈیشن ، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی پاکستان، پاکستان پارٹی ایلیویشن فنڈ، پی پی آئی ایف، فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے کوئٹہ میں پچیس ہزار پودے، بند خوشدل خان میں پچیس ہزار پودے، مسیلخ میں35 ہزار، اور نوشکی میں دس ہزار پودے لگائے جارہے ہیں۔ یہ مہم صوبے کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے مختلف اسٹیک ہولڈزر کے ساتھ کی جارہی ہے۔
اس سلسلے میں ضلع پشین میں ایک پروقار تقریب ہوئی، تقریب میں پاکستان کونسل آف میڈیا وومین کے چودہ رکنی وفد نے صدر حمیراموٹالہ کی سربراہی میں شرکت کی۔ اس میں ماحولیاتی تبدیلی کے وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی پروجیکٹ سے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔ ترقی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر اس کام کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے منصوبوں سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں۔ترقی فاؤنڈیشن کے اس منصوبے کی بدولت انہیں کوئٹہ کے نواحی علاقوں کو دیکھنے کا موقع ملا ہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کو یہاں بھی شروع کیا جائے۔

تقریب سے محکمہ جنگلات کے سیکرٹری صدیق مندوخیل ، ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری، محکمہ جنگلات کے چیف کنزرویٹر عبدالجبار، کنزرویٹر نارتھ نیاز کاکڑ، پی پی آئی ایف کے سینئر ممبر طاہر ملک ، ڈائریکٹر ملین ٹری سونامی بلوچستان علی عمران اور ترقی فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر اللہ داد لونی، سول سوسائٹی کے نمائندں سرکاری افسروں ، تاجروں ، طلبہ، اقلیتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے شجر کاری کی اہمیت پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مدد سے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔

ترقی فاؤنڈیشن کے سربراہ امجد رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے انہیں ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے نامزد کیا ہے۔ ترقی فاؤنڈیشن نے یہ اقدام اسی سلسلے میں کیا ہے۔ ہم سب کو اس عظیم مقصد میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی فاؤنڈیشن مختلف اداروں کی مدد سے اس کام کو مزید فروغ دے گی۔ کوئٹہ سے پندرہ کلومیٹر دور حنا روڈ پر محکمہ ماحولیات اور ترقی فاؤنڈیشن کی جانب سے شجرکاری کی جارہی ہے۔ اس موقع پر مقامی اسکول کے طلبہ نے پاکستان کونسل آف میڈیا وومین کے وفد کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ یہاں کے باشندے اور محکمہ مل جل کر پودوں کی دیکھ بھال کریں گے۔
پانی کے مسئلے کو حل کرنےکے لئے بڑی تعداد میں ٹیوب ویل لگائے جائیں گے اور برساتی پانی کا ذخیرہ کرنے کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔ کوئٹہ پریس کلب میں وزیر اعظم کے ماحولیات کے مشیر ملک امین اسلم نے میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں اور غریب عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت مل جل کر کام کررہی ہیں۔ اور ترقی کے ثمرات جلد ہی عام آدمی تک پہنچیں گے
Comments
Post a Comment