قائداعظم ٹرافی کا چوتھا راؤنڈ آج سے شروع ہوگا

گیارہ روزہ بریک کے بعد قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا چوتھا راؤنڈ جمعہ سےکراچی میں شروع ہوگا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں شامل بقیہ چار میچز کے انعقاد کی وجہ سے قائداعظم ٹرافی میں گیارہ روز کا وقفہ کیا گیا تھا۔
اس دوران پینتیس رکنی قومی اسکواڈ کی 23 نومبر کو نیوزی لینڈ روانگی کے باعث پی سی بی نے ایونٹ میں مقابلے کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے ایک ونڈو متعارف کروائی، جس کا مقصد سیکنڈ الیون میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ترقی دینا تھا۔ ونڈو کے مطابق تمام چھ ٹیموں کے کوچز کو اپنی ٹیم کا توازن برقرار رکھنے کے لیے باہمی مشاورت کے ساتھ اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار دیا گیا۔ جہاں سب سے نمایاں ٹرانسفر سدرن پنجاب کے طیب طاہر کی سنٹرل پنجاب میں منتقلی ہے۔
ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے 10 میں سے 9 میچز نتیجہ خیز ثابت ہوئےہیں، جہاں سدرن پنجاب کی ٹیم 55 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
اظہر علی، شان مسعود اور سرفراز احمد کی نیوزی لینڈ روانگی کی وجہ سے اب حسن علی، عمر صدیق اور اسد شفیق بالترتیب سنٹرل پنجاب، سدرن پنجاب اور سندھ کی کپتانی کریں گے۔
سدرن پنجاب بمقابلہ سندھ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی:
پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں سندھ کا مقابلہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، میچ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہونے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل سے لائیواسٹریم بھی کیا جائے گا۔
ایونٹ کے ا بتدائی دو راؤنڈز میں کامیابی حاصل کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم کو ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا سے 75 رنز کی شکست کھاگئی۔ کپتان عمر صدیق کے علاوہ ذیشان اشرف، سیف بدر، مختار احمد اور نائب کپتان عمران رفیق سدرن پنجاب کی امیدوں کا محور ہوں گے۔
سدرن پنجاب کے ترپ کا پتہ لیگ اسپنر زاہد محمود ہوں گے، جو اب تک ایونٹ میں 20 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں انہیں بلاول بھٹی، دلبر حسین اور محمد الیاس کا ساتھ میسر ہوگا۔
دوسری طرف سندھ کی کپتانی تجربہ کار اسد شفیق کررہے ہیں۔ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل نے گزشتہ میچ کی ایک اننگز میں 174 رنز بنائے تھے ۔دیگر کھلاڑیوں میں شہزر محمد، سعد علی اور عمیر بن یوسف شامل ہیں۔ تابش خان، میر حمزہ اور شاہنواز دھنی نے سندھ کے فاسٹ باؤلنگ کی کمان سنبھال رکھی ہیں۔
سندھ نے سیکنڈ الیون میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شاہنواز دھنی اور ابرار احمد کو فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیاہے۔
بلوچستان بمقابلہ ناردرن بمقام این بی پی اسپورٹس کمپلیکس:
پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود بلوچستان کی ٹیم جمعہ سے شروع ہونے والے راؤنڈ میں ناردرن کے مدمقابل آئے گی۔ دونوں ٹیمیں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں آمنے سامنے آئیں گی۔
اس میچ میں بلوچستان کی قیادت عمران فرحت کریں گے،دیگر کھلاڑیوں میں عظیم گھمن، اکبر الرحمٰن( دونوں کھلاڑی سیکنڈ الیون سے فرسٹ الیون کا حصہ بنے) اور تیمور علی نے بھی ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کیا ہے۔
فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں تجربہ کار تاج ولی اور عمید آصف بلوچستان کی نمائندگی کریں گے ۔
دوسری جانب ناردرن کےاسکواڈ کا ترپ کا پتہ خود ان کے کپتان نعمان علی ہیں، ایونٹ میں اب تک 25 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں 25ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ان کے علاوہ سلمان ارشاد، محمد وقاص اور حماد اعظم بھی باؤلنگ کے شعبے میں ناردرن کے مؤثر ہتھیار ثابت ہوسکتے ہیں۔
ناردرن نے نوجوان ناصر نواز کو سیکنڈ الیون میں بہتر کارکردگی پیش کرنے پر اپنے فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
سنٹرل پنجاب بمقابلہ خیبرپختونخوا بمقام یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی:
سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے جمعہ سے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔
اظہر علی کی نیوزی لینڈ روانگی کے باعث اسکواڈ کی قیادت آلراؤنڈر حسن علی کے سپرد کی گئی ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین ان کے نائب کی حیثیت سے میدان میں قدم رکھیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کے رکن وقاص مقصود پاکستان کے پریمیئر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ احسان عادل، وقاص مقصود، بلال آصف اور بلاول اقبال بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں احمد شہزاد، رضوان حسین اور سعدنسیم سنٹرل پنجاب کی جانب سے بہتر کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ میں اب تک ایک میچ میں فتح اور ایک میں شکست کھا چکی ہے۔ کے پی کے کھیلے گئے اب تک تین راؤنڈ کے میچز میں سے ایک ڈرا ہوگیا تھا۔عمران خان سینئر، ارشد اقبال اور ثمین گل کی اسکواڈ میں موجودگی اہم ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے بلوچستان کے عدنان اکمل کا ان کے گھر میں لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا، جس کی وجہ سے وہ ایونٹ چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہیں کررہے۔سنٹرل پنجاب کے کامران اکمل لنکا پریمیئر لیگ میں روانگی کی غرض سے دستیاب نہیں ہیں۔ ایونٹ میں شریک دو کوچز بھی قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد اپنے اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔سمیع اسلم نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنی عدم دستیابی ظاہر کی ہے۔
نئے اسکواڈز:
بلوچستان:
فرسٹ الیون ۔عمران فرحت (کپتان) ، بسم اللہ خان (نائب کپتان) ، اکبر الرحمان ، عبدالواحد بنگلزئی، اختر شاہ ، علی وقاص ، ایاز تصور ، عظیم گھمن ، کاشف بھٹی ، خرم شہزاد ، نجیب اللہ اچکزئی ، تیمور علی ، تاج ولی ، عمید آصف ، اسامہ میر
سنٹرل پنجاب:
فرسٹ الیون: حسن علی (کپتان) ، عثمان صلاح الدین (نائب کپتان) ، احمد صفی عبد اللہ ، احمد شہزاد ، علی شان ، علی زریاب ، بلال آصف ، بلاول اقبال ، احسان عادل ، محمد سعد ، قاسم اکرم ، رضوان حسین ، سعد نسیم ، طیب طاہر ، وقاص مقصود
خیبر پختونخوا:
فرسٹ الیون: خالد عثمان (کپتان) ، اسرار اللہ (نائب کپتان) ، عادل امین ، ارشد اقبال ، عمران خان سینئر ، عرفان اللہ شاہ ، کامران غلام ، مہران ابراہیم ، محمد عرفان ، محمد وسیم ، مصدق احمد ، ریحان آفریدی ، ساجد خان ،ثمین گل ، سمیع اللہ جونیئر ، زوہیب خان
ناردرن:
فرسٹ الیون: نعمان علی (کپتان) ، حماد اعظم (نائب کپتان) ، عامر جمال ، علی سرفراز ، آصف علی ، اطہر محمود ، فیضان ریاض ، فرزان راجہ ، محمد نواز ، منیر ریاض ، ناصر نواز ، سلمان ارشاد ، سرمد بھٹی ، عمیر مسعود ، عمر امین ، وقاص احمد
سندھ:
فرسٹ الیون: اسد شفیق (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان) ، عامر علی ، ابرار احمد ، عاشق علی ، حسن محسن ، جاہد علی ، عزیزاللہ ، میر حمزہ ، محمد حسن ، عمیر بن یوسف ، سعد علی ، شاہنواز دہانی ، شرجیل خان ، شہزار محمد ، تابش خان
سدرن پنجاب:
فرسٹ الیون: عمر صدیق خان (کپتان) ، عمران رفیق (نائب کپتان) ، علی شفیق ، بلاول بھٹی ، دلبر حسین ، مقبول احمد ، محمد الیاس ، محمد عمران ، محمد عرفان (سلو لیفٹ آرم) ، محمد عمیر ، مختار احمد ، سیف بدر ، عمر خان ، زاہد محمود ، زین عباس ، ذیشان اشرف
چوتھے راؤنڈکے میچز (20 تا 23 نومبر) ، کراچی:
بلوچستان بمقابلہ ناردرن - این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی
سدرن پنجاب بمقابلہ سندھ۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی
سنٹرل پنجاب بمقام خیبر پختونخوا۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی
Comments
Post a Comment